مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، میجر جنرل محسن رضائی نے ایران، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان علاقائی سلامتی اور استحکام کے موضوع پر ہونے والے چار فریقی اجلاس کے اختتام کے بعد ایک ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یہ علاقائی تعاون بہت پہلے شروع ہو جانا چاہیے تھا اور ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے اعلیٰ حکام کے دوروں نے ظاہر کر دیا ہے کہ امریکیوں کی دھمکیوں کا دنیا کے ممالک پر زیادہ اثر نہیں پڑتا۔
ایرانی قومی سلامتی کی اعلیٰ کونسل کے سیکریٹری نے ایرانی قوم کی مزاحمت اور مسلط کردہ تیسری جنگ کے دوران مسلح افواج کی طاقت و اقتدار کا ذکر کرتے ہوئے زور دیا کہ خطے میں ایک نئی اور مثبت فضا تشکیل پائی ہے۔ ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں بھی اس فضا کا اظہار ہوا ہے اور ایرانی قوم کی مزاحمت کے نتائج روز بروز زیادہ نمایاں ہو رہے ہیں۔
میجر جنرل محسن رضائی نے مزید اس اجلاس کے نتائج کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے اعلیٰ حکام اس بات پر متفق تھے کہ خطے کے مسائل کا حل چاروں ممالک کے باہمی تعاون میں ہے۔ ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ مغربی ایشیا میں سلامتی اندرونی بنیادوں پر قائم ہونی چاہیے، کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت کو روکا جانا چاہیے۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ غاصب صیہونی حکومت جنوبی لبنان، جنوبی شام، غزہ اور دریائے اردن کے مغربی کنارے سے پیچھے ہٹے اور اپنی جارحیت بند کرے۔
آپ کا تبصرہ